پھر زلزلہ مگر ہندوکش سے

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلہ آیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی علی الصبح اسلام آباد، راولپنڈی اور مری سمیت خیبرپختونخوا کے علاقوں ایبٹ آباد، سوات، دیر بالا اور لوئر دیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پشاور، نوشہرہ، بٹگرام، وزیرستان، چارسدہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ہزارہ، ہری پور اور بالا کوٹ میں بھی زلزلہ آیا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 اور گہرائی 157 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں میں سوتے ہوئے لوگ بھی خوف کی وجہ سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ 

یاد رہے کہ 25 ستمبر کو آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں شدید زلزلے نے تباہی مچائی، اس زلزلے کی شدت بھی 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے جب کہ 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close