نئی میڈیا پالیسی سے مسائل ختم ہوں گے

پاکستان کی پارلیمان کے رپورٹرز کی ایسوسی ایشن ( پی آر اے) کے صدر بہزادسلیمی نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین سے ملاقات کی ہے اور انہیں گریڈ 22 میں ترقی پر مبارکباد پیش کی۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نے سیکریٹری اطلاعات سے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری اطلاعات کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزارت اطلاعات میں ہونے والی ملاقات کے دوران پی آراے کے صدر بہزادسلیمی نے سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین سے مطالبہ کیا کہ وزارت اطلاعات صحافیوں کی ملازمتوں اور جانوں کے تحفظ، صحافتی اداروں کی جانب سے کئی کئی ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ حل کرانے اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

سیکرٹری اطلاعات نے پی آر اے کے صدر کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت اطلاعات صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور میڈیا کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سربراہی میں قائم کمیٹی صحافتی شعبے کو درپیش مسائل کے جلد حل میں مددگار ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پی آر اے سمیت صحافتی تنظیموں کی قیادت کے ساتھ مشاورت سے مسائل کو حل کرے گی اور نیا سال میڈیا اور صحافیوں کے لیے ایک بہتر سال ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا اور ایڈورٹائزنگ پالیسی سے بھی بہت سے مسائل کا خاتمہ ہوگا۔

بہزادسلیمی نے میڈیا کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدہ کوششیں کرنے پر وزارت اطلاعات کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی ان کوششوں کے نتیجہ میں صحافیوں کی زندگی میں جلد مثبت تبدیلی آئے گئ ۔ پی آراے کے صدر نے سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین کو گریڈ 22 میں ترقی اور بطور سیکرٹری اطلاعات تقرری پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close